فائل فوٹو
فائل فوٹو

شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں بارش، سڑکوں پر پانی جمع

کراچی: شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں منگل کے روز بارش ہوئی، گرمی کا زور ٹوٹ گیا، سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا ۔مختلف حادثات میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے صبح تک جاری رہے گا۔

شارع فیصل، اسٹیڈیم روڈ، گلشن اقبال اور ملیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بادل برسے۔ اس کے علاوہ ڈیفنس، کلفٹن، صدر، ناظم آباد، قائدآباد، گلستان جوہر، کورنگی اور لانڈھی میں بھی برسات ہوئی۔ جب کہ نمائش چورنگی، صدر، لیاقت آباد، ایف بی ایریا میں بھی بارش ہوئی۔

سرجانی سیکٹر سیون اے ٹنکی اسٹاپ کے قریب دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی جب کہ گلشن معمار میں سائن بورڈ گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا جسے فوری اسپتال منتقل کیا گیا۔

بارش کے بعد 200 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے اور کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جس کے نتیجے میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

نکاسی آب کے ناقص انتظامات کی وجہ سے کئی علاقوں میں سڑکیں اور گلیاں زیر آب آگئیں۔ نشیبی علاقوں میں بھی پانی کھڑا ہونے سے لوگوں کو آمد و رفت میں دشواری پیش آئی۔

بارش کے دوران گلشن اقبال میں درخت گاڑیوں پر گر گیا جس سے ایک گاڑی کی ونڈ اسکرین ٹوٹ گئی۔

تیز ہوا کے ساتھ ہونے والی بارش کے دوران گلشن اقبال بلاک 13سی میں درخت متعدد کھڑی گاڑیوں پر گر گیا جس کے باعث ایک گاڑی کی ونڈ اسکرین ٹوٹ گئی جبکہ دیگر گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت گاڑیوں پر گرنے والے درخت کو ہٹانے کے لیے کوششیں شروع کر دیں جبکہ گاڑی کو بارش سے محفوظ رکھنے کے لیے ونڈ اسکرین شیٹ سے کور کر دیا۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی کے مشرقی علاقوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں، کیونکہ برسات کا سسٹم مشرق کی جانب ہے۔

انھوں نے پیش گوئی کی کہ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے صبح تک جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے آج کراچی میں دوپہر کے بعد کہیں آندھی تو کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا تھا۔