امریکا(اُمت نیوز)امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ یوکرین کے لیے 2 روز میں ناقابل یقین حد تک مضبوط پیکیج کا اعلان کیا جائےگا،
نیٹو اجلاس میں یوکرین کی حمایت کے ایجنڈے پر عمل درآمد شروع ہوگیا، نیٹو کے 32 رکن ممالک کے رہنماؤں کو یکجا کرنے والا نیٹو سربراہی اجلاس میثاق کی 75 ویں سالگرہ کی تقریب سے شروع ہوا،امریکی صدر جو بائیڈن نے تقریب میں نیٹو کے سیکرٹری جنرل ینز اسٹولٹن برگ کو "صدارتی تمغہ آزادی” پیش کیا۔
نیٹو کے سیکرٹری جنرل نے روس کے خلاف یوکرین کی حمایت جاری رکھنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس جنگ کا نتیجہ کئی دہائیوں تک عالمی سلامتی کو متاثر کرے گا۔
میزبان، امریکی صدر بائیڈن نے اعلان کیا کہ نیٹو کے اتحادی یوکرین کو "تاریخی طور پر” اہم فضائی دفاعی نظام فراہم کریں گے،بائیڈن نے کہا کہ جرمنی، اٹلی، ہالینڈ اور رومانیہ کے ساتھ مل کر یوکرین کو پیٹریاٹ بیٹریاں اور پرزے فراہم کریں گے۔
امریکا نے روس کے خلاف یوکرین کو دفاعی سامان کی فراہمی شروع کر دی، امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ ڈنمارک اور نیدرلینڈز سے ایف سولہ طیارے یوکرین پہنچ رہے ہیں.
واشنگٹن میں نیٹو اجلاس کی سائیڈ لائن تقریب میں گفتگو میں انٹونی بلنکن نے کہا کہ یوکرین کے لیے 2 روز میں ناقابل یقین حد تک مضبوط پیکیج کا اعلان کیا جائےگا، پیکیج سے نٹیو میں یوکرین کی رکنیت کےلیے واضح اور مضبوط راستہ ہموار ہوگا۔
زیلینسکی نے سربراہی اجلاس میں شرکت سے قبل واشنگٹن میں ایک بیان میں کہا کہ "دنیا روس کو باز رکھنے کے لیے نومبر میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات کا انتظار نہیں کر سکتی۔”
یوکرینی رہنما نے امریکی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ "ایکشن لینے کے لیے سخت فیصلے کرنے کا وقت آگیا ہے۔”