اسلام آباد: جماعت اسلامی نے 12جولائی کو اسلام آباد میں ہونے والا دھرنا مؤخر کر دیا۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ اب جماعت اسلامی کا دھرنا 26جولائی کو ہوگا،ان کاکہناتھا کہ دھرنے کی کال کے بعد علما کرام نے ہم سے رابطہ کیا، علما ءکرام نے کہا کہ امن وامان کی صورتحال ٹھیک نہیں،مشورہ دیا گیا کہ دھرنے کو عاشورہ سے آگے لے جائیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ عاشورہ کے فوری بعد پاکستان کے تمام بڑے شہروں میں جاؤں گا، وکلا اور تاجر تنظیموں سے مشاورت کریں گے،26تاریخ کے دھرنے میں پاکستان بھر سے جلوس چلیں گے،قافلے 24تاریخ سے اسلام آباد کیخلاف چلنا شروع ہوں گے،دھرنے کیلئے ہم پورا چارٹر آف ڈیمانڈ بنا رہے ہیں، سلیب سسٹم میں زیادتی اور ظلم کو ختم ہونا چاہیے،مفاد پرست لوگ حکومتوں میں شامل ہو کر خود کو محفوظ کر لیتے ہیں۔
ان کاکہناتھا کہ خیبرپختونخوا کے لوگ اس وقت بالکل تیار بیٹھے ہیں،اب میدان سجے گا، عاشورہ کی وجہ سے تاخیر کی ہے،حکومت کا کام ہے کہ وہ جمہوری آزادی فراہم کرے، ہمیں لوگوں کیلیے ریلیف لے کر آنا ہے،یہ بڑے اور طاقتور لوگوں کو نہیں پکڑ سکتے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ ہمارا 26جولائی کو دھرنا تاریخی ہوگا، دھرنا پوری قوت کے ساتھ ہوگا، اور عوام کو ریلیف ملے گا، ہمارادھرنوں کا ٹریک ریکارڈ موجود ہے، پیچھے ہٹنے والے نہیں۔