اسلام آباد: سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں نے پریس کانفرنس کی اور حکومت پر کھل کر تنقید کی۔
عمر ایوب نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سمیت چاروں الیکشن کمشنر مستعفی ہوں۔ شبلی فراز نے کہا کہ جو مقدمات بنائے وہ تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئے، عدالتیں انصاف دے رہی ہیں، فیصلہ تاریخ میں سنہری حروف سےلکھا جائے گا۔ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے مخصوص نشستوں کے کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دو تہائی اکثریت، آئین میں ترمیم کا راستہ رک گیا ہے۔
اسلام آباد میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمر ایوب نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے بار بار کہا آئین اور قانون کی بالادستی ضروری ہے، ہم شفاف الیکشن چاہتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ فیصلے سے جمہوریت مضبوط ہوگی، اگلے وزیراعظم بانی پی ٹی آئی ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر سمیت چاروں الیکشن کمشنرمستعفی ہوں۔
بیرسٹرگوہر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف تمام لوگوں کی مشکور ہے، جمہوری قوتوں، پی ٹی آئی ورکرز، پاکستان کیلئے خوشی کا دن ہے، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن بدنیتی کی بنا پر کلعدم قرار دیے۔
انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا کہ تحریک انصاف پارٹی تھی اور ہے، پی ٹی آئی نےملک بھر میں پارٹی ٹکٹ جاری کیے، حالانکہ ہمارے نمائندوں سےٹکٹ چھینے گئے۔ پی ٹی آئی ایک ہے اور ایک ہی رہےگی، کوئی فارورڈ بلاک نہیں ہے۔
اسلام آباد میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فرشبلی فراز نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی استقامت سےجیل میں ہیں تاکہ عوام کو حقیقی آزادی دلائی جا سکے، عمران خان نے پاکستان کی عوام کو جوڑ رکھا ہے، سارے مسائل کے حل کی کنجی بانی پی ٹی آئی کے پاس ہے۔
انھوں نے کہا کہ جو مقدمات بنائے وہ تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئے، ہمارے خلاف ہر طرح کا حربہ استعمال کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالتیں انصاف دے رہی ہیں اور دے سکتی ہیں، ایک فیصلہ فروری میں عوام نے دیا دوسرا آج سپریم کورٹ نے دیا، پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ الیکشن کمیشن نے زیادتی کی، آج کا فیصلہ تاریخ میں سنہری حروف سےلکھا جائے گا۔