اسلام آباد(اُمت نیوز)وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام سے میکرو اکنامک استحکام لانے میں مدد ملے گی۔
ایک بیان میں محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت ہمیں اسٹرکچرل ریفارمز یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پبلک فنانس، توانائی اور حکومتی اداروں کے ایریاز میں خود انحصاری لانے کی ضرورت ہے۔
وزیرِ خزانہ کا کہنا ہے کہ آئندہ سالوں میں اسٹرکچرل ریفارمز لائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے ہوگیا ہے۔
اس حوالے سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے کہ یہ معاہدہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے مشروط ہے، نئے معاہدے کے تحت پاکستان کو 7 ارب امریکی ڈالر 37 ماہ کے طویل عرصے میں ملیں گے۔
نئے پروگرام کا مقصد میکرو اکنامک کو مستحکم کرنا، جامع اور مضبوط ترقی کے لیے حالات پیدا کرنا ہے، پروگرام میں مالیاتی اور مانیٹری پالیسی کو مضبوط بنانے کے اقدامات اور ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنا شامل ہیں۔