ٹرمپ امریکا کو بچانے کی جنگ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے،بیٹی کا ردعمل

واشنگٹن(اُمت نیوز) سابق صدرڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کے بعد ان کے بڑے بیٹے ٹرمپ جونیئر اور بیٹی ایوانکا ٹرمپ کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے۔

ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے ٹرمپ جونیئر نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کے والد امریکا کو بچانے کی جنگ سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ میرے والد اور ان کے ساتھیوں کی صحتیابی کے لیے دعا کرنے پر سب کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔

ایوانکا ٹرمپ نے ڈونلڈ ٹرمپ کو بروقت محفوظ جگہ منتقل کرنے پر سیکریٹ سروس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر تمام افسران کا بھی شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ امریکی ریاست پنسلوانیا میں سابق امریکی صدر اور ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ پر انتخابی ریلی کے دوران قاتلانہ حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو حصار میں لے لیا اور وہاں سے لے کر روانہ ہو گئے جبکہ گولیاں چلنے سے ریلی میں موجود ایک شخص ہلاک بھی ہوا۔

ٹرمپ کی منعقد ریلی میں فائرنگ کی آوازوں سے پنسلوینیا کے علاقے بٹلر میں بھگدڑ مچ گئی جبکہ سابق صدر ٹرمپ کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا اور انکو قریبی مرکز میں طبی امداد دی جارہی ہے۔