پشاور(اُمت نیوز)مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ لندن پلان تہس نہس ہوگیا ہے، عوام بھاگنے والوں پر نظر رکھیں۔
وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ پشتو میں کہاوت ہے کہ گدھے کو دُم سے پکڑنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ درباری وزرا پے درپے پریس کانفرنسز کے ذریعے یہی کچھ کرنے کی کوشش کررہے ہی۔ شہباز شریف اور راج کماری مریم نواز اپنی جعلی سلطنت کو دُم سے پکڑنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔دونوں کے ہاتھوں میں صرف دُم ہی بچی ہے، باقی سلطنت ہاتھ سے نکل چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لندن پلان تہس نہس ہوچکا ہے۔ عوام لندن بھاگنے والوں پر خصوصی نظر رکھیں۔ اس بار پلیٹلیٹس گرنے کے بہانے نہیں چلیں گے۔ فرائی پین سے کپڑے پریس کرنے کا ڈراما سیزن بھی شروع ہونے والا ہے۔ صرف مخصوص نشستوں کے فیصلے کے بعد جعلی سلطنت کی بنیادیں ہل گئی ہیں۔ الیکشن ٹریبونل کے فیصلے آنا ابھی باقی ہیں۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ ٹریبونل کے انصاف پر مبنی فیصلوں سے فارم 47 کا سارا کچا چٹھا کھل جائے گا۔فارم 47 پر بنی حکومت کی بنیادیں اتنی کمزور ہیں کہ جعلی سلطنت کو چند ماہ کا سہارا بھی نہیں دے سکا۔