اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ غیر آئینی طور پر اسمبلی توڑنے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان، سابق صدر عارف علوی اور سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کیخلاف آرٹیکل 6 لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، حکومت آرٹیکل 6 لگانے کا ریفرنس سپریم کورٹ میں دائر کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کو آگے جانا ہے تو شر پسند عناصر پر پابندی لگانا ہی پڑے گی، آئی ایم ایف کو خط لکھنا پی ٹی آئی کا ملک دشمن ایجنڈا تھا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ طالبان کو واپس لا کر بسایا جائے، ایک طرف دہشت گردوں کو یہاں لائے، دوسری طرف جی ایچ کیو پر حملہ کیا، انہوں نے کہا کہ سائفر سے کھیلنا ہے یہ تگڑا کیس ہے،امریکا میں پاکستان کے سفیر نے کہا کہ سائفر میں کوئی دھمکی نہیں تھی۔