کراچی (اُمت نیوز)کراچی سمیت سندھ بھر میں محرم الحرام میں امن و امان کے پیشِ نظر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
اس حوالے سے محکمۂ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی میں 9 اور 10 محرم کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی سے خواتین، بچے، صحافی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار مستثنیٰ ہوں گے۔
محکمۂ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ اسلحے کی نمائش، ہیلی کیم اور ڈرون اڑانے پر بھی پابندی عائد ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس دن ڈیڑھ بجے نشتر پارک سے برآمد ہو گا۔
دوپہر 12 بجے کے بعد نشتر پارک میں مرکزی مجلس ہو گی اور مجلس کے بعد جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو گا۔
جلوس کی طرف آنے والی سڑکیں اور گلیاں بند کر دی گئی ہیں جبکہ ایم اے جناح روڈ جزوی طور پر کھلا ہوا ہے، پولیس اور رینجرز جلوس کے روٹ پر موجود ہیں۔
کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے جلوس کی مانیٹرنگ کی جائے گی جبکہ بلند عمارتوں پر پولیس اور رینجرز کی نفری تعینات ہو گی۔