اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے بنوں چھاونی پر دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے کی پرزور مذمت کی ہے۔آصف علی زرداری نے شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوانوں نے بروقت کارروائی کر کے قوم کو بڑے نقصان سے بچا لیا، پوری قوم اپنے بہادر جوانوں کی قربانی پر فخر کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشت گرد عناصر کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے گا۔صدر مملکت نے شہدا کے بلند درجات اور ان کے لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے عفریت کو مکمل ختم کرنے کیلیے پر عزم ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کیساتھ کھڑی ہے، دہشت گردی کیخلاف پاک فوج اوردیگر سیکیورٹی فورسزکی قربانیاں لازوال ہیں۔
وزیراعظم نے پاک فوج اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسزکی کارکردگی کی تعریف کی۔ان کا کہنا تھا کہ حملے میں شہید ہونیوالے سیکیورٹی فورسز کے بہادر اورجری جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے حملے میں شہید ہونیوالے پاک فوج کے جوانوں، فرنٹیئرکانسٹیبلری کے لانس نائیک کے بلند درجات کی دعا کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔