لاہور: وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی لگانے کا ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ اس معاملے کو پہلے لیڈرشپ دیکھے گی۔ اس کے بعد ہمارے جو اتحادی ہیں ان سے مشاورت ہو گی۔
اسحاق ڈار نے زور دیا کہ پی ٹی آئی کے خلاف ای سی پی کے پاس فارن فنڈنگ کے ثبوت ہیں، یہ حقیقت کوئی جھٹلا نہیں سکتا، الیکشن کمیشن نے اعلان کیا پی ٹی آئی فارن فنڈنگ جماعت ہے، نو مئی کا واقعہ قابل مذمت ہے، اس میں جو ملوث ہے اسے سزا ملنی چاہیے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ قانون اور آئین کے مطابق لیا جائے گا۔ قانون کے خلاف جو سیاسی فیصلے ہوتے ہیں ویسا کوئی فیصلہ نہیں ہوگا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت مہنگائی نہیں لائی ، نوازشریف کو نکال کر ملک کی بری حالت کی گئی۔ پی ٹی آئی چھ سے سات ماہ میں ملک کو ڈیفالٹ کرکے چلی گئی، 2018ء میں کروڑوں روپے لگاکر الیکشن چوری کرکے ایک شخص کو اقتدار پر بٹھایا گیا، پی ٹی آئی دور میں ملکی معیشت 24 سے 47 ویں نمبر تک پہنچ گئی، ن لیگ کو حکومت کا شوق نہیں تھا اگر اقتدار میں نہ آتے تو ملک دیوالیہ ہوجاتا، شہبازشریف اور اس کی ٹیم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔
خیال رہے کہ پاکستانی حکومت نے پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے ایک ریفرنس سپریم کورٹ بھیجا جائے گا۔