پی ٹی آئی رہنماؤں عمر ایوب، راجہ بشارت، ماجد دانیال، احمد چٹھہ، ملک عظیم کو اڈیالہ جیل کے باہر سے حراست میں لیا گیا تھا، فائل فوٹو
پی ٹی آئی رہنماؤں عمر ایوب، راجہ بشارت، ماجد دانیال، احمد چٹھہ، ملک عظیم کو اڈیالہ جیل کے باہر سے حراست میں لیا گیا تھا، فائل فوٹو

یہ حکومت پاگل ہوچکی ہے ،عمر ایوب

راولپنڈی: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ یہ حکومت پاگل ہوچکی ہے ہمیں ہماری نشستیں ضرور ملیں گی، کسی کا باپ بھی پاکستان تحریک انصاف پر پابندی عائد نہیں کرسکتا،  سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سیاسی پارٹی ہے اور رہے گی۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور دیگر رہنماوں نے کہا کہ ہماری آج بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی کے لیے جنگ جاری رہے گی۔

عمر ایوب نے کہا کہ مری میں نادان لوگ بیٹھے ہیں، ہمارے لیڈر کو آپ نے جیل میں ڈالا ہماری پارٹی نہیں ٹوٹی کسی کا باپ بھی پاکستان تحریک انصاف پر پابندی عائد نہیں کرسکتا، سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سیاسی پارٹی ہے اور رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت گیس، پٹرول، آٹا، دال، چینی اور ہر چیز کی قیمتیں بڑھ چکی ہیں، محسن نقوی کے دور میں اربوں روپے کی گندم امپورٹ کی گئی، موجودہ حکومت ایکسپورٹ پر بھی کمیشن لینے جارہی ہے، ایس آئی ایف سی صرف 30 ارب روپے  پرائیوٹائزیشن سے کمائے گی جب کہ پرائیوٹائزیشن سے اصل مالیت 1000 ارب حاصل ہوگی۔

عمر ایوب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے تنظیم سازی کا حکم دیا ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ ملاقات کے وقت جیل پولیس اہلکار بار بار آرہے تھے اور ہمیں ٹوک رہے تھے، یہاں پر ایک آئی ایس آئی کا کرنل اور میجر بیٹھا ہے، جو بانی پی ٹی آئی کی بیٹوں سے بات نہیں ہونے دے رہے، ہم اسلام آباد کے انچارج، آئی جی پنجاب، سیکریٹری داخلہ، چوکی انچارج اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو سمن کریں گے۔