علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے یونیورسٹی کے تعلیمی پروگرامز گو دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، روزگار کمانے کے پروگرامز متعارف کرانے کے اپنے وژن اور مشن کے مطابق اقدامات اٹھاتے ہوئے یونیورسٹی کی چاروں فیکلٹیوں کو ہدایت کی تھی کہ مارکیٹ کی ضرورتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ہنر مند افرادی قوت پیدا کرنے کے پروگرامز متعارف کئے جائیں تاکہ گریجویٹ ہوتے ہی ہمارے طلبہ کو باعزت روزگار ملے۔
اِن ہدایات کی روشنی میں فیکلٹی آف سائنسز نے بی ایس سی(آنرز)ایگریکلچر،بی ایس فزکس(ڈیٹاسائنس مائنر)، بی ایس ہیلتھ اینڈ فزیکل ایجوکیشن، بی ایس انفارمیشن ٹیکنالوجی کے علاوہ آٹو کیڈ(سول)اور سرفیکٹنٹ پر مبنی مصنوعات کی مینوپیکچرنگ کے نئے پروگرامز اور سرٹیفکیٹ کورسز متعارف کرکے سمسٹر خزاں 2024ء کے جاری داخلوں میں آفر کردئیے ہیں۔پیش کئے جانے والے نئے پروگرامز کے داخلہ فارم اور پراسپکٹس یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.aiou.edu.pkپر دستیاب ہیں۔ داخلے کی اہلیت ا ور دیگر معلومات و تفصیلات کے لئے طلبہ کو پراسپکٹس سے ملاحظہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔فیکلٹی آف سوشل سائنسز، فیکلٹی آف ایجوکیشن اور کلیہ عربی و علوم اسلامیہ کے نئے پروگرامزدوسرے مرحلے کے داخلوں میں آفر کئے جائیں گے جس کے داخلے یکم ستمبر 2024ء کو شروع ہوں گے۔