راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات غیرمعمولی اور مثالی ہیں۔ پاکستان میں چینی سفیر کا کہنا ہے کہ کوئی بھی طاقت پاک چین دوستی اور افواج کے درمیان بھائی چارہ ختم نہیں کر سکتی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کی 97ویں سالگرہ کے سلسلے میں جی ایچ کیو راولپنڈی میں تقریب منعقد کی گئی جس میں چین کے سفیر جیانگ زی ڈانگ بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پیپلز لبریشن آرمی کو مبارکباد دی جبکہ آرمی چیف نے چین کے دفاع، سیکیورٹی اور قومی ترقی میں پی ایل اے کی خدمات کو سراہا۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات غیر معمولی اور مثالی ہیں.دونوں ممالک کے تعقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین نے باہمی اعتماد سے اسٹریٹجک ماحول کے اتار چڑھاؤ کا سامنا کیا ہے۔ پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان تعلقات مضبوط ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کا مقابلہ کرنے میں ہمیشہ آگے رہی ہے۔
چینی سفیر نے کہا کہ پاک فوج ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے آگے رہی ہے. پاک فوج نے پاکستان اور خطے کے امن و استحکام کے لیے قربانیاں دیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کو تیار ہیں. کوئی طاقت پاک چین مثالی دوستی اور افواج کے بھائی چارے کو ختم نہیں کرسکتی۔