فائل فوٹو
فائل فوٹو

عمران خان اور بشریٰ بی بی سے نیب ٹیم کی پانچویں بار تفتیش

راولپنڈی: بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے نیب ٹیم نے پانچویں بار تفتیش کی ہے۔

جیل ذرائع کے مطابق توشہ خانہ نئے ریفرنس کی تفتیش کے سلسلے میں نیب کی ٹیم ڈپٹی ڈائریکٹر محسن ہارون کی سربراہی میں اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 سے داخل ہوئی اور سابق وزیراعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے تفتیش کا پانچواں مرحلہ مکمل کرکے واپس روانہ ہو گئی۔

نیب کی ٹیم نے آج دونوں ملزمان سے تقریباً 45 منٹ تک تفتیش کی، اس دوران ملزمان سے تحفے میں ملنے والے جیولری سیٹ سے متعلق مزید سوالات کیے گئے۔ یہ سوالات گزشتہ روز کی تفتیش کے تسلسل میں پوچھے گئے۔

واضح رہے کہ نیب نے جیل ٹرائل کے دوران ملزمان کا احتساب عدالت سے 8روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر رکھا ہے۔ ملزمان کو 13جولائی کی شام اڈیالہ جیل میں گرفتارکیا گیا تھا اور 22جولائی کو تفتیشی پیش رفت رپورٹ کے ساتھ دوبارہ عدالت پیش کیا جائے گا۔