اسلام آباد: سپریم کورٹ کے پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں دینے ، پی ٹی آئی پر پابندی اور 3رہنماؤں پر آرٹیکل 6کے تحت کارروائی کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں سے مشاورت کاآغاز کردیا۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ مسلم لیگ(ن) نے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کو اعتمادمیں لینے کافیصلہ کیاہے،مسلم لیگ( ن) اور پیپلزپارٹی کے درمیان مذاکرات آج ایوان صدر میں ہوں گے،مسلم لیگ( ن )کے رہنما آج پیپلزپارٹی کی قیادت سے ملاقات کریں گے،صدر مملکت آصف علی زرداری بھی مذاکرات میں شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ( ن) کی جانب سے اسحاق ڈار، اعظم نذیر تارڑ ،عطا تارڑ مذاکرات میں شریک ہوں گے جبکہ عرفان قادر، احمد چیمہ، ایازصادق بھی مذاکرات میں شریک ہوں گے۔اٹارنی جنرل منصور اعوان کیس سے متعلق صدر مملکت آصف زرداری اور ارکان کو بریفنگ دیں گے،پیپلزپارٹی کی جانب سے فاروق ایچ نائیک، شیری رحمان، نیئر بخاری مذاکرات میں شریک ہوں گے۔