نیویارک: بڑی امریکی ایئر لائنز نے جمعہ کے روز مواصلاتی مسائل کے باعث پروازوں کو روکنے کے احکامات دیے جبکہ دنیا بھر میں دیگر ایئر لائنز، میڈیا کمپنیاں، بینک اور ٹیلی کام کمپنیاں نظام کی خرابیوں کی وجہ سے اپنے آپریشنز میں خلل کی اطلاع دے رہی ہیں۔
برطانوی میڈیا کا کہناہے کہ دنیا بھر میں بڑے پیمانے پر انٹرنیٹ کی بندش سے متعدد ممالک کی ایئر لائنز ، برطانوی نیوز چینل آف ایئر ہو گئے ، متعدد بینکس اور اسٹاک مارکیٹیں متاثر ہوئیں ،بندش نے زیادہ تر ونڈوز 10 سافٹ ویئر پر چلنے والے سسٹم کو متاثر کیا ہے ۔
اس کے علاوہ مانچسٹر ، ایڈنبرا ، ٹوکیو ، سڈنی کے ہوائی اڈوں پر پروازوں کا نظام بھی متاثر ہواہے ، امریکن ایئر لائنز ، ڈیلٹا ایئر لائنز کی پروازیں بھی اس خرابی کے باعث متاثر ہوئیں ہیں جبکہ انٹر نیٹ کی بندش سے بھارت کی ایئر لائنز اور لندن کی سٹاک مارکیٹ میں بھی کام ٹھپ ہو گیاہے ۔
اس تکنیکی مسئلے سے متاثر ہونے والے زیادہ تر ادارے اور تنظیمیں مائیکروسافٹ کے کمپیوٹر سسٹمز سے اپنا کام کر رہی تھیں جس کی وجہ سے پہلا شبہ اسی کمپنی کی جانب گیا۔
مائیکروسافٹ 365 سروس کی جانب سے ایکس سابقہ ٹوئٹر کے ذریعے بتایا گیا تھا کہ ’ایک مسئلے کی تحقیق کی جا رہی ہے جس سے صارفین کو مائیکروسافٹ 365 کی دیگر ایپس اور خدمات استعمال میں دقّت پیش آ رہی ہے۔‘
تاہم بعد میں مائیکروسافٹ کے ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کی زیادہ تر خدمات گھنٹوں پہلے ہی بحال ہو گئی تھیں۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے فیڈرل آفس برائے سائبر سکیورٹی کا کہنا ہے کہ اس تکنیکی مسئلے کی اصل وجہ ایک سائبر سکیورٹی کمپنی ہے جس کا نام کراؤڈ سٹرائیک ہے۔
سوئٹزرلینڈ کے فیڈرل آفس برائے سائبر سکیورٹی کے مطابق اس کمپنی کی جانب سے ایک ایسا اپ ڈیٹ بھیجا گیا تھا جس نے کمپیوٹر نظام میں تکنیکی خرابی کا آغاز کیا۔
اس سے قبل امیریکن ایئر لائنز نے بھی کراؤڈ سٹرائیک کے تکنیکی مسئلے کو ہی ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔
اب کراؤڈ سٹرائیک کی جانب سے اعتراف کیا گیا ہے کہ اس فنی خرابی کی وجہ وہی ہیں۔ کمپنی کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ونڈو ہوسٹس کے ایک اپ ڈیٹ میں خرابی پائی گئی جسے دور کیا جا رہا ہے۔‘کمپنی کے مطابق ’یہ سکیورٹی کا مسئلہ نہیں اور نا ہی سائبر حملہ ہے۔‘