پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی نے پی ٹی آئی پرممکنہ پابندی اور الیکشن کمیشن کے خلاف قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔صوبائی اسمبلی میں وزیر قانون آفتاب عالم نے پی ٹی آئی پر پابندی کے خلاف قرار داد پیش کی۔
الیکشن کیخلاف قرارداد بھی وزیر قانون کے پی آفتاب عالم نے پیش کی، جس کے متن میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے آئین کی خلاف ورزیاں کی ہیں،الیکشن کمشنر استعفیٰ دیں،الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرانے میں ناکام ہوا ہے۔
الیکشن کمیشن اپنا اعتماد کھوچکا ،انتخابات میں دھاندلی ہوئی،نگران حکومت نے اپنی مدت سے زیادہ وقت گزارا اورآئین کی خلاف ورزی کی،الیکشن کمیشن نے فواد حسن فواد جیسے بندے کو وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری کے طور پر قبول کیا،الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے خلاف لیول پلنگ فیلڈ نہ دینے والے نگرانوں کو سپورٹ کیا۔
آپریشن عزم استحکام کے خلاف قرارداد منظور
خیبرپختونخوا اسمبلی میں آپریشن عزم استحکام کے خلاف قرارداد منظور کرلی گئی۔
وزیر قانون آفتاب عالم کی پیش کردہ قرار داد میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے عزم استحکام آپریشن سے متعلق افواہیں ہیں، افوا ہے کہ عزم استحکام کی آڑ میں نیا فوجی آپریشن شروع کیا جارہا ہے۔
قرار داد میں مزید کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پہلے واضح کیا تھا کہ فوجی آپریشن مسئلے کا حل نہیں ہے، آپریشن سے خاطر خواہ نتائج سامنے نہیں آئے۔
کے پی اسمبلی سے منظور قرار داد میں مزید کہا گیا کہ وفاق کسی بھی فیصلے سے پہلے صوبائی حکومت کو اعتماد میں لے، آپریشن سے متوقع نقصان کی ذمہ داری وفاق پر عائد ہوگی۔
قرار داد میں کہا گیا کہ تحریک انصاف آئین کیساتھ کھڑی ہے، پابندی لگ جاتی ہے تو یہ آئین کے آرٹیکل 17کی خلاف ورزی ہے۔