واشنگٹن(اُمت نیوز) امریکی صدر بائیڈن صدارتی انتخاب لڑنے کیلئے بضد ہوگئے، پارٹی اتحاد کیلئے اپیل کردی۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر بائیڈن کورونا میں مبتلا ہونے کے باوجود الیکشن لڑنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا ہے کہ صدارتی الیکشن کیلئے ڈیموکریٹ پارٹی متحد ہو جائے۔
صدارتی الیکشن ٹیم کا کہنا ہے کہ بائیڈن آئندہ ہفتے سے دوبارہ مہم کا آغاز کرینگے جبکہ صدر بائیڈن سے ناخوش ڈیموکریٹ ارکان کانگریس کی تعداد 35 ہوگئی ہے۔
ڈیموکریٹ سروے رپورٹ کے مطابق کملا ہیرس امریکی صدر بائیڈن سے بہتر امیدوار ہیں۔
اس سے قبل سابق امریکی صدر اوباما اور امریکا کی سابق اسپیکر نینسی پلوسی نے بھی امریکی صدر جو بائیڈن کو آئینہ دکھا دیا۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق سابق امریکی صدر براک اوباما اور سابق اسپیکر نینسی نے جوبائیڈن سے صدارتی الیکشن کے حوالے سے بات چیت کی اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ الیکشن نہیں جیت سکتے، وقت کم ہے اس لیے وہ فیصلے کا اعلان کریں۔
امریکی میڈیا کے مطابق دونوں نے صدر بائیڈن کو مقبولیت میں کمی کے سروے رپورٹس سے بھی آگاہ کردیا، اور عوامی سروے کے بارے میں بتایا کہ اکثریت سمجھتی ہے کہ آپ ٹرمپ کو شکست نہیں دے سکتے۔