مری (اُمت نیوز)سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ترقی کرتا ہوا ملک گڑھے میں گرا دیا، فیصلے دینے والوں کو اب بھی سوچنا ہوگا۔ ملک کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیاجا رہاہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف او رپاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمدنوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں چیف منسٹر سولر پینل فنانسنگ اسکیم سے متعلق امورکاجائزہ لیا گیا۔
اجلاس صدرمسلم لیگ ن نوازشریف نے کہا کہ بجلی کا بل کوئی بھی ادا نہیں کرسکتا یہ غریب لوگوں کے لئے ہی نہیں بلکہ ہر ایک کے لئے مصیبت بن چکا ہے۔ ہم نے اپنے دور میں لوڈ شیڈنگ ختم کی او ربجلی کا نرخ بھی کنٹرول میں رکھا۔
نوازشریف نے کہا کہ 2017ء تک بجلی کے بل کم اور ڈالر کا نرخ نیچے تھا، 2018ء سے نظر لگی او رغریب پس کر رہ گیا۔ سڑک پر پھرتے شخص کو کہا گیا آؤ ہم تمہیں انصاف دیں گے، میں پوچھتا ہوں اس ملک کے ساتھ ظلم کرنے کی ضرورت کیا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے آئی ایم ایف کو واپس بھیج دیا تھا بعد میں کون لایا تھا؟ سب کو پتہ ہے۔ ملک کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جا رہا ہے، ترقی کرتا ہوا ملک گڑھے میں گرا دیا۔
نوازشریف نے کہا کہ فیصلے دینے والوں کو اب بھی سوچنا ہوگا، عوام کی پرواہ کریں، ریلیف کے لیے جو بھی کرنا پڑتا ہے کریں۔
اجلاس میں وزیراعلی مریم نوازشریف نے سولر پینل فنانسنگ سکیم کو آسان تر بنانے کا حکم دیا اوراسکیم کے اجرا کے لئے کارروائی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
مریم نواز نے کہا کہ آٹا اور بجلی کے نرخ لوگو ں کی معاشی حالت کو بری طرح متاثر کرتے ہیں، عوام کو ریلیف دینے کے لئے جو کچھ کرنا پڑا ضرور کریں گے، چاہتی ہو ں کہ پنجاب کے ہر شہری کو بجلی کے بل میں ریلیف ملے، سولر پینل فنانسنگ اسکیم کا دائرہ کاربتدریج بڑھائیں گے، پنجاب واحد صوبہ ہے جس نے آئی ایم ایف کی شرط کے مطابق 625 ارب روپے کا سرپلس پیش کرکے لیڈ لی۔
اجلاس کے دوران سیکرٹری انرجی نعیم رؤف نے چیف منسٹر سولر پینل فنانسنگ اسکیم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ بتایا کہ پائلٹ پراجیکٹ کے تحت مختلف مقامات پر چیف منسٹر سولر پینل فنانسنگ اسکیم کا ٹیسٹ رن شروع ہے، مختلف مقامات پرنصب سولر پینل سسٹم کی ریڈنگ اورکارکردگی کا مشاہدہ کیاجائے گا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سولر پی وی ایپ کے ذریعے سولر سسٹم کی آن لائن مانیٹرنگ جاری۔ ٹیسٹ رن کی کامیابی کا جائزہ لے کر 14اگست سے سکیم لانچ کردی جائے گی۔ 8800 پر بل ریفرنس نمبر اورکمپوٹرائزڈ شناختی کارڈ نمبر بھیج کراسکیم کے لیے اہلیت چیک کی جائے گی۔ پی آئی ٹی بی کی قرعہ اندازی کے بعد کامیاب صارفین کو ایس ایم ایس کے ذریعے مطلع کیاجائے گا۔
سیکرٹری انرجی نعیم رؤف نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ اور ڈسکوز (ڈسٹری بیوشن کمپنی) قرعہ اندازی میں کامیاب صارف کے کوائف کی تصدیق کریں گے۔ اسکیم کے پینل مارکیٹ میں فروخت ہونے سے بچانے کے لئے سولر پینل اور سسٹم پر بار کوڈ اور کیوآر کوڈ موجود ہوگا۔ پہلے فیز میں ایک لاکھ سے زائد صارفین کو قرعہ اندازی کے ذریعے سولرپینل دئیے جائیں گے۔ بجلی چوری، ایک سے زائد میٹر، خراب یا ٹیمپرڈ میٹر اور بل ادائیگی نہ کرنے والے صارفین سولر سکیم کے اہل نہیں ہوں گے۔
اجلاس میں سینیٹرپرویزرشید، معاون خصوصی برائے وزیراعظم رانا ثنا اللہ خان، سینئرمنسٹرمریم اورنگزیب، معاون خصوصی راشد نصراللہ، ایم این اے بلال اظہرکیانی، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹریز اوردیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔