شاہ محمود قریشی کی اڈیالہ جیل سے وڈیو لنک پر حاضری کی درخواست مسترد

راولپنڈی (اُمت نیوز)انسداد دہشت گردی عدالت نے شاہ محمود قریشی کی اڈیالہ جیل سے وڈیو لنک پر حاضری کی درخواست مسترد کردی۔

واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی نے درخواست دائر کی تھی کہ اڈیالہ جیل راولپنڈی سے لاہور کا سفر بہت تکلیف دہ ہے، عدالت وڈیو لنک پر حاضری مکمل کرنے کی درخواست منظور کرے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج خالد ارشد نے دو صفحات پر مشتمل حکم نامہ جاری کردیا۔

عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ شاہ محمود قریشی کرمنل کیس کے ٹرائل میں ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔

عدالت نے آئی جی جیل خانہ جات کو ہدایت کی کہ شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ سے کوٹ لکھپت جیل منتقل کریں۔