اسموگ کا سبب بننے والی ہر چیز کیخلاف کارروائی ہو گی، مریم اورنگزیب

 

قصور(اُمت نیوز)پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کی ماحول پر پالیسی دو ٹوک ہے، اسموگ کا سبب بننے والی ہر چیز کے خلاف کارروائی ہو گی۔

سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے قصور کا دورہ کیا اور اسموگ کا باعث بننے والے زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے بھٹوں کو گروا دیا۔

انہوں نے کہا کہ ماحول کو آلودہ کرنے اور اسموگ پھیلانے والے بھٹے اور کارخانے بند ہوں گے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر ایک بھی بھٹہ نہیں چلنے دیں گے، زگ زیگ کے معیار پر پورا نہ اترنے والا بھٹہ گرا دیا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ماحول دوست پالیسی کے تحت پلاسٹک بیگز پر پابندی لگائی، پنجاب بھر میں اسموگ کے خلاف آپریشن جاری ہے، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو بھی چیک کیا جا رہا ہے۔