کراچی (اُمت نیوز)کراچی میں سی ٹی ڈی نے ناردرن بائی پاس پر کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشتگرد کو ہلاک کردیا۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک دہشتگرد عمر فاروق کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے تھا، دہشتگرد کے پی او حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا۔
انہوں نے بتایا کہ سی ٹی ڈی نے موچکو کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا تو وہاں موجود دہشتگرد نے سی ٹی ڈی اہلکاروں پر فائرنگ کی۔
ڈی آئی جی نے کہا کہ ایک گولی سب انسپکٹر عرفان کی بلٹ پروف جیکٹ میں لگی جس سے وہ محفوظ رہا، سی ٹی ڈی کی جوابی فائرنگ سے دہشتگرد شدید زخمی ہوا جو اسپتال پہنچنے سے قبل ہی ہلاک ہوگیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشتگرد کے قبضے سے پستول اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گرد 2013ء میں عباس ٹاؤن بم دھماکے کا بھی مرکزی ملزم تھا، دہشت گرد کے خلاف 2013ء سے 2014ء تک دس مقدمات مختلف تھانوں میں درج تھے۔
ترجمان کا بتانا ہے کہ ہلاک دہشت گرد 2014ء میں جیل گیا پھر بری ہونے کے بعد افغانستان چلا گیا تھا، ملزم پر مبینہ ٹاؤن، سچل، سی ٹی ڈی، اتحاد ٹاؤن، سرجانی ٹاؤن اور گلشن معمار میں مقدمات درج تھے۔