کراچی: اورنگی ٹاؤن میں 6 روز قبل ایک شخص کو فائرنگ کرکے قتل کیے جانے میں بیوی ملوث نکلی۔ پولیس نے مقتول کی بیوی،اس کے 2 ساتھیوں کوگرفتارکرکے اسلحہ اورموٹرسائیکل برآمد کرلی۔
ایس ایس پی ویسٹ حفیظ الرحمٰن بگٹی نے بتایا کہ 18 جولائی کواورنگی ٹاؤن راجا تنویرکالونی انصاف چوک کے قریب یٰسین ولد گل علی خان نامی شہری کو گھرکے باہر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا، پولیس نے واقعے کا مقدمہ مقتول کے بھائی محمد فاروق کی مدعیت میں اقبال مارکیٹ تھانے میں درج کرکے تفتیش شروع کی گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد پولیس نے موقع واردات سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی تھی، جس میں ملزمان کومقتول کے گھرکے باہرمقتول کا انتظارکرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ملزمان کی گرفتاری سے قبل مقتول کی اہلیہ اوراس کے ایک دوست کاشف عرف کاشوکوبھی شامل تفتیش کیا گیا تھا۔ اس دوران کاشف عرف کاشونے انکشاف کیا کہ ماریہ نے اس سے بھی اپنے شوہرکوقتل کرنے کی بات کی تھی لیکن اس نے انکار کردیا تھا۔
پولیس نے مقتول یٰسین کے قتل میں ملوث اس کی بیوی ماریہ دخترعبدالرشید، بلال ولد جان محمد اورحمزہ آفریدی ولد سائل خان کوگرفتارکرکےان کے قبضے سےفائرنگ میں استعمال ہونے والا 30 بورپستول اورموٹرسائیکل برآمد کرلی۔
گرفتارملزمہ ماریہ نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف کیا کہ اس نے اپنے دوست حمزہ کے ساتھ مل کر اپنے شوہرکوقتل کرنے کی منصوبہ بندی تھی اوروہ حمزہ سے مسلسل رابطے میں تھی۔ اپنے شوہرکے گھرسے نکلنے کی اطلاع بھی ۔ ماریہ کی جانب سے اطلاع ملتے ہی ملزمان نے فائرنگ کرکے یٰسین کو قتل کر دیا، جس کا ملزمان نےاعتراف کیا ہے۔