اسلام آباد(اُمت نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما رؤف حسن سمیت دیگر ملزمان کو عدالت میں پیش کر دیا گیا۔
رؤف حسن و دیگر کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیش کیا گیا۔
عدالت نے پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما رؤف حسن کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ کے لیے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے حوالے کیا تھا۔
ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے عدالت میں مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا تھا کہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی ڈیوائسز برآمد کرنی ہیں، ڈیوائسز ملیں گی تو مزید تفتیش ہو گی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی سکریٹریٹ میں قائم ڈیجیٹل میڈیا سیل کے مرکزی دفتر پر چھاپا مار کر رؤف حسن کی گرفتاری کی تصدیق کی تھی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل میڈیا مرکز انٹرنیشنل ڈس انفارمیشن کا مرکز بنا ہوا تھا، پاکستان مخالف اور ملکی سالمیت کے خلاف پروپیگنڈا بھی چلایا جاتا تھا۔