اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے نئے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر خود کو کیس سے الگ کرنے کی استدعا مسترد کردی۔
چیف جسٹس عامرفاروق نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف نئے توشہ خانہ کیس میں گرفتاری سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔
دوران سماعت عمران خان کے معاون وکیل انتظار پنجھوتہ نے چیف جسٹس عامر فاروق پر اعتراض کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ آپ کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کردیا ہے۔
انہوں نے عدالت سے استدعا کی آپ بانی پی ٹی آئی کا کیس نہ سنیں۔ جس پر چیف جسٹس عامرفاروق نے اسفتسار کیا کہ آپ کہہ رہے ہیں مقدمے سے الگ ہوجاؤں۔
وکیل نے کہا کہ جی ہم چاہتے ہیں کہ سماعت سے دستبرداری اختیارکرلیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے یہ کوئی وجہ نہیں، عدالت نے سپریم جوڈیشل کونسل میں کمپلینٹ کےباعث کیس سننے پراعتراض مسترد کردیا۔