لاہور: پی ٹی آئی کی کل کی احتجاج کی کال پر پنجاب حکومت ان ایکشن ہوگئی، پنجاب بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ کر دیا گیا۔
محکمہ داخلہ نے پنجاب بھر میں جلسے، جلوس، ریلیوں، دھرنوں اور احتجاج پر پابندی لگا دی، صوبہ بھر میں 3 روز کیلیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، پابندی کا اطلاق جمعہ 26 جولائی سے اتوار 28 جولائی تک ہوگا، امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی۔
پابندی کا اطلاق دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر کیا گیا، سکیورٹی خطرات کے پیش نظر کوئی بھی عوامی اجتماع دہشت گردوں کیلئے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے، عوامی مفاد میں دفعہ 144 کا نفاذ صوبہ بھر میں کیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق پنجاب بھر میں انتظامیہ حکم نامے پر عملدرآمد یقینی بنائے گی، عوامی آگاہی کیلئے دفعہ 144 کے نفاذ کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی بھی ہدایت کی گئی۔
اسلام آباد انتظامیہ کا انتباہ
اسلام آباد انتظامیہ نے بھی 26 جولائی کو جلسے کے حوالے خبردار کردیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے، اسلام آباد میں کسی بھی قسم کے جلسے جلوس یا احتجاج کی اجازت نہیں ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی، قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں کاروائی کی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد پولیس کی نفری تعینات کر دی گئی ہے، شہری کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ بننے سے اجتناب کریں۔