راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ہوشاب میں کارروائی کر کے ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا،2زخمی ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 24 جولائی کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ہوشاب میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ جس کے دوران دہشت گردوں اور فورسز میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فاءرنگ کے نتیجے میں دہشت گرد علی جان کو ہلاک جبکہ دو کو زخمی کیا گیا۔ مارے گئے دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد بے گناہ شہریوں کے اغوا اور ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے جبکہ علاقے میں پائے جانے والے کسی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔