فائل فوٹو
فائل فوٹو

کراچی، ڈیفنس میں 2 گروپوں میں تصادم، اکبر بگٹی کے پوتے سمیت 5 افراد جاں بحق

کراچی: ڈیفنس خیابان نشاط پر دو گروپوں کے درمیان مسلح تصادم میں اکبر بگٹی کے پوتے سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

جاں بحق افراد کی شناخت میر محسم بگٹی، میر عیسیٰ بگٹی، علی بگٹی، فہد بگٹی اور نصیب اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں میرعلی حیدر بگٹی اور قائم علی شامل ہیں۔

کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں گزشتہ رات مبینہ طورپر گاڑی اوور ٹیک کرنے کے معاملے پر شروع ہونے والی تلخ کلامی بعد ازاں خوں ریز تصادم میں تبدیل ہوگئی جس میں 5 نوجوان جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آچکی ہے۔

ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق مسلح تصادم فہد بگٹی گروپ اورعلی حیدر بگٹی گروپ کے افراد کے درمیان ہوا، تصادم میں ایک گروپ کے 3 اور دوسرے گروپ کے2 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ فریقین کا تعلق نوابزادہ اکبر بگٹی کے خاندان سے ہے۔

کراچی جناح اسپتال کی ایمریجنسی کے باہر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے، جبکہ دونوں گروپ کے افراد بڑی تعداد میں جناح اسپتال کی ایمرجنسی کے باہر پہنچ گئے ہیں، ایمرجنسی میں زخمیوں اور بیمار افراد کے علاوہ کسی جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جناح اسپتال میں پانچ لاشیں لائی گئی ہیں، جبکہ دو زخمیوں کو پرائیویٹ اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق کسی بھی تصادم سے بچنے کے لیے نفری کو تعینات کیا گیا ہے، جبکہ پولیس ضابطے کی کارروائی میں مصروف ہے، مقتول فہد بگٹی اور نصیب اللہ کی لاشیں جناح اسپتال کی ایمرجنسی سے مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہیں اور دیگر تین افراد کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال کے مردہ خانے لے جائی گئی ہیں۔

فائرنگ جاں بحق ہونے والوں کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہے۔ پولیس سرجن کے مطابق دو لاشوں کا پوسٹ مارٹم جناح اسپتال میں اور تین کا پوسٹ مارٹم سول اسپتال میں کیا گیا۔