اسلام آباد؛ ضلعی عدالتوں میں ڈیجیٹل سسٹم کا آغاز

 

اسلام آباد(اُمت نیوز)سائلین کی سہولت کے لیے اسلام آباد ضلعی عدالتوں میں جدید ڈیجیٹل سسٹم کا آغاز ہو گیا ۔ جس کا افتتاح چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے کیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے انچارج عمر رشید ڈار نے ڈیجیٹل سسٹم تیار کیا ، جس کے استعمال سے مقدمات دائر ہونے سے فیصلہ ہونے تک ہر تاریخ کا اسٹیٹس آن لائن دستیاب ہو گا۔ جدید ڈیجیٹل سسٹم اسلام آباد ہائیکورٹ ، ضلعی عدلیہ ، بار اور نادرا کو آپس میں ملا دے گا۔

سسٹم کے ذریعے سائلین کو مقدمات کی معلومات میسجز اور ای میل کے ذریعے ملا کرے گی۔ ڈیجیٹل سسٹم کے تحت واٹس ایپ اور ای میل کے ذریعے ای نوٹسز بھیجے جا سکیں گے ۔ ڈسٹرکٹ کورٹس میں آن لائن مقدمات کی معلومات کے لیے (کیوسک) مشین نصب ہو گی ۔

سسٹم کا منفرد پہلو اسلام آباد جوڈیشری کا ایک سینٹرلائزڈ ڈیٹا سینٹر ، سینٹرلائزڈ ڈیٹا ایپ اور سینٹرلائزڈ ڈیٹا بیس پر مشتمل ہونا ہے ۔ ون ونڈو انفارمیشن ڈیسک ، مصدقہ کاپی مینجمنٹ سسٹم کا بھی آغاز ہو گا ۔ وکلا اور ان کے لائسنس کا اسٹیٹس بھی آن لائن سسٹم پر موجود ہو گا ۔

جدید ڈیجیٹل سسٹم عدلیہ میں مزید شفافیت اور کارکردگی کے لیے مددگار ثابت ہو گا ۔ ڈیجیٹل سسٹم پولیس ، پراسیکیوشن اور جیل اتھارٹیز کے ساتھ بھی منسلک ہو گا۔