پیرس (اُمت نیوز)اولمپکس کی 100 برس بعد پیرس میں واپسی ہوئی، افتتاحی تقریب کے ساتھ ہی میڈلز کی دوڑ شروع ہو چکی، فٹبال میچز کا آغاز پہلے سے ہی ہو گیا تھا۔
دنیا بھر کے ایتھلیٹس نے میزبان شہر کا رخ کرلیا، اولمپک ویلج بھی پوری طرح آباد ہوگیا۔
پیرس میں جشن کا سا سماں ہے ، منتظمین بھی تیاریوں کو حتمی شکل دے چکے، ایتھلیٹس مختلف کھیلوں میں اپنی برتری ثابت کرنے کیلئے بے چین ہیں۔ اولمپک گیمز کے دوران سیکیورٹی کیلئے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں، فرانس کی جانب سے غیرمعمولی انتظامات کیلئے یوروپول اور یوکے ہوم آفس سے رابطہ کیا گیا تھا، ڈرونز کے ذریعے مسلسل فضائی نگرانی کی جائے گی ، سمندری راستوں میں بھی رکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں تاکہ کوئی چھوٹی کشتیوں کے ذریعے بھی غیر قانونی طور پر ملک میں داخل نہ ہوسکے۔
فضائی سیکیورٹی کیلئے برطانیہ کی جانب سے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل نصب کیے گئے ہیں، گیمز سے قبل ہی پیرس کی پولیس نے ہر طرح کی فل ڈریس ریہرسل کرلی تھی،ان میں بم ناکارہ کرنا بھی شامل ہے، ایسے ہی کچھ انتظامات گذشتہ برس فرانس میں منعقد ہونے والے رگبی ورلڈکپ کے موقع پر بھی کیے گئے تھے، سیکیورٹی کی وجہ سے افتتاحی تقریب کے شرکا کی تعداد کو نصف کردیا گیا تھا، 60 کے بجائے 30 ہزار افراد دریائے سین کے ساتھ تقریب سے لطف اندوز ہوئے۔
یہ دوسرا موقع ہے جب اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب اسٹیڈیم کے باہر منعقد ہوئی، پہلی بار ایسا 2018 کے یوتھ اولمپکس میں ہوا تھا۔ اس بار دریائے سین میں ایک بوٹ پریڈ ہوئی، اس دوران اولمپکس میں شیڈول تمام ممالک کے دستوں نے بھی پریڈ کی، 6 کلومیٹر کے پریڈ راستے میں مقامی ثقافت کو اجاگر کیا گیا، افتتاحی تقریب میں فنکار اور ایتھلیٹس نے مل کر جشن منایا، افتتاحی اور اختتامی دونوں تقاریب کے ڈائریکٹر تھامس جولی ہیں خود بھی ایک ایکٹر اور اسٹیج ڈائریکٹر ہیں۔
پیرس اولمپکس میں 32 کھیلوں کے 329 ایونٹس ہوں گے، ان میں سے 28 وہ بنیادی کھیل ہیں جو 2016 اور 2020 کے گیمز کا حصہ تھے ، 4 پیرس آرگنائزرز کی جانب سے شامل کیے گئے ہیں،
بریک ڈانس کا اولمپک ڈیبیو ہوگا جبکہ اسکیٹ بورڈنگ، کلائمبنگ اور سرفنگ کی 2020 کے بعد واپسی ہوئی۔ ویٹ لفٹنگ کے4 ایونٹس ختم کردیے گئے، کینوئنگ کے 2 اسپرنٹ ایونٹس کو سلالوم سے تبدیل کردیا گیا، جس سے مجموعی ایونٹس کو 16 تک برقرار رکھا جائے گا۔
ایونٹ سے قبل چینی ایتھلیٹس کا ڈوپنگ ایشو چھایا رہا، انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے آفیشلز کی جانب سے دیے گئے موقف کو تسلیم کرتے ہوئے ان ایتھلیٹس کو گیمز میں شرکت کی اجازت دے دی، اس پر کچھ ممالک کے ایتھلیٹس کی جانب سے اعتراض بھی کیا گیا ، انگلش سوئمرز نے تو یہاں تک کہا کہ انھیں ’لیول پلیئنگ فیلڈ‘ ملنی چاہیے۔
اولمپک گیمز کی اختتامی تقریب 11 اگست کو اسٹیڈ ڈی فرانس میں ہوگی جس کو ’ریکارڈز‘ کا ٹائٹل دیا جائے گا، اس میں 100 سے زائر پرفارمرز شریک ہوں گے ،ان میں ڈانسر اور سرکس آرٹسٹ شامل ہیں، اسی تقریب میں 2028 اولمپکس کے میزبان لاس اینجلس کی بھی کلچرل نمائندگی ہوگی ، انھیں گیمز کی مشعل دی جائے گی۔n