اسلام آباد: جسٹس ریٹائرڈ سردار طارق مسعود اور جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل کل بطور ایڈہاک جج سپریم کورٹ حلف اٹھائیں گے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ دونوں ایڈہاک ججز سے حلف لیں گے، حلف برداری کی تقریب سپریم کورٹ بلڈنگ کے ججز بلاک کمیٹی روم میں دن 11 بجے ہوگی، دونوں ججز کو ایک سال کیلئے بطور ایڈہاک جج سپریم کورٹ تعینات کیا گیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایڈہاک ججز کی تعیناتی کی منظوری دی تھی۔واضح رہے کہ وزارت قانون کی جانب سے تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جسٹس (ریٹائرڈ) مظہر عالم میاں خیل نے پہلے ایڈہاک جج بننے سے معذرت کی تھی۔جوڈیشل کمیشن نے جسٹس (ریٹائرڈ) سردار طارق مسعود اور جسٹس (ریٹائرڈ) مظہر عالم میاں خیل کو ایک سال کیلئے ایڈہاک جج تعینات کرنے کی سفارش کی تھی۔