پختونخوا،نگراں دورِ حکومت میں پولیس اور جیلوں میں ہزاروں بھرتیوں کا انکشاف

 

پشاور(اُمت نیوز)خیبر پختونخوا میں نگراں دورِ حکومت میں پولیس اور جیلوں میں ہزاروں بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق صوبے میں 2023ء سے فروری 2024ء تک نگراں دورِ حکومت میں پولیس اور جیل خانہ جات میں 5 ہزار بھرتیاں کی گئیں، اس کے علاوہ پولیس کے لیے اربوں روپے کی خریداری کی تفصیلات بھی سامنے آ گئیں۔

پولیس کے لیے لیپ ٹاپ، موبائل فونز، اسلحہ، ٹریفک پولیس کا سامان و آلات خریدے گئے۔

نگراں دورِ حکومت میں بھرتیوں اور خریداری پر سابق اسپیکر مشتاق غنی نے اسمبلی میں سوال جمع کرا دیا، جس پر محکمہ داخلہ کا جواب آج اسمبلی میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ صوبائی اسمبلی میں حکومتی ارکان نے نگراں دورِ حکومت کے بجٹ پر بھی اعتراضات اٹھائے تھے۔

حکومتی ارکان نے نگراں دورِ حکومت میں بھرتیوں اور فنڈز استعمال پر سوالات اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادیے۔