اسلام آباد ائرپورٹ پر منشیات کی جدہ اسمگلنگ کی کوشش ناکام،ملزم گرفتار

 

اسلام آباد(اُمت نیوز) اے این ایف کی جانب سے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، اس دوران اسلام آباد ائرپورٹ پر منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف ملک بھر میں آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔ اس دوران 11 مختلف کارروائیوں میں 74 کلو سے زائد منشیات برآمد کرکے 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

اسلام آباد ائرپورٹ پر ایک کارروائی میں جدہ جانے والے مسافر سے 3 کلو آئس برآمد کرلی گئی۔ دوسری جانب اقبال شہید ٹول پلازہ اٹک کے قریب ملزم سے 24 کلو چرس برآمد ہوئی۔ کراچی میں جنت گل ٹاؤن کے قریب ایک ملزم سے 12 کلو چرس برآمد کی گئی۔

خانیوال میں ملزم سے 9.6 کلو چرس برآمد کی گئی۔ ایم ون اسلام آباد پر خاتون سے 6 کلو افیون اور 2 کلو چرس برآمد ہوئی۔ کراچی میں حب ریور روڈ پر گاڑی سے 4.8 کلو چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ اُدھر سنگجانی ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب سے 2 ملزمان سے 4.8 کلو چرس برآمد کی گئی۔

لنک روڈ کراچی کے قریب سے 2.4 کلو چرس اور 450 گرام آئس برآمد کی گئی۔ پشتخرہ چوک پشاور کے قریب ملزم سے 3 کلو آئس برآمد ہوئی جب کہ ایوب نیشنل پارک راولپنڈی کے قریب سے ملزم سے 2 کلو چرس برآمد کی گئی۔ یونیورسٹی روڈ پشاور کے قریب سے 800 گرام آئس برآمد ہوئی۔

اے این ایف حکام نے گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔