اسلام آباد: وزیردفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ چیف جسٹس پاکستان کیخلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے،چیف جسٹس کا ایسے فیصلے یا بیان کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔ریاست سوشل میڈیا کے اس پروپیگنڈا کے خلاف ایکشن لے گی۔
خواجہ آصف اور احسن اقبال نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ کچھ لوگوں کے سیاسی مفادات اس مسئلے سے وابستہ ہیں،پاکستان میں مذہب کے نام پر خون خرابے کی کوشش کی جارہی ہے،ہمارا ایمان ہے نبی کریمؐ تمام جہانوں کیلئے رحمت بن کر تشریف لائے،مذہب کے نام پرریاست قتل کے فتوے برداشت نہیں کرےگی۔
ان کاکہناتھا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو بڑے دنوں سے مختلف حیلوں بہانوں سے ٹارگٹ کیا جا رہا ہے،چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کو کئی سالوں سے ٹارگٹ کیا جارہا ہے،انتہاپسندادنہ مواد سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا جارہا ہے،ایسے فتوے دینے والوں کیخلاف قانون پوری قوت سے حرکت میں آئے گا۔
خواجہ آصف نے کہاکہ عدلیہ کی ایک طاقتور آواز کو خاموش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،یہ ایک ایسی آواز ہے جو حق اور سچ کی روایت کو قائم رکھے ہوئے ہے، سپریم کورٹ اس معاملے پر واضح بیان دے چکی ہے،جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈا بدستور جاری ہے،سوشل میڈیا پر عوام کو قتل کرنے کی جانب راغب کیا جارہا ہے،کچھ لوگ سیاسی عزائم اور بیرونی آقاؤں کی ہدایت پر مسلسل پروپیگنڈا کر رہے ہیں،ریاست کیخلاف شرانگیز پروپیگنڈا کیا جارہاہے۔