نیویارک: امریکا سمیت نیٹو کے کئی رکن ممالک نے لبنان میں موجود اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان ممکنہ طور پر بھرپور جنگ کے پیش نظر فوری طور پر ملک چھوڑ دیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ہفتے کو اسرائیل کے زیر قبضہ گولان کی پہاڑیوں کے شہر مجدان شمس میں راکٹ حملے میں 12 افراد کے مارے جانے کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے۔اسرائیلی ڈیفنس فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ ایرانی ساختہ میزائل تھا جسے حزب اللہ نے جنوبی لبنان سے فائر کیا تھا تاہم حزب اللہ نے اس حملے میں ملوث ہونے سے انکار کیا۔
بیروت میں امریکی سفارت خانے کی طرف سے جاری ایڈوائزری میں امریکی شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ لبنان کے سفر پر سختی سے نظر ثانی کریں کیونکہ ملک میں سیکیورٹی صورتحال پیچیدہ ہے اور تیزی سے بدل سکتی ہے۔
برطانوی دفتر خارجہ نے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جاری تنازع سے منسلک خطرات کی وجہ سے اپنے شہریوں کو لبنا ن کا سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔اسی طرح فرانس، جرمنی، بیلجیئم، نیدرلینڈز، ناروے اور ڈنمارک کے ساتھ ساتھ غیر نیٹو ممالک جیسے آئرلینڈ اور آسٹریلیا نے بھی اپنے اپنے شہریوں کو اسی طرح کا انتباہ جاری کیا ہے۔