پشاور(اُمت نیوز)مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ 9 مئی واقعات پر جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ 9 مئی واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنانے پر مسلم لیگ ن کے اوسان خطا ہوگئے ہیں۔ جوڈیشل کمیشن کے قیام پر لیگی رہنماؤں بالخصوص مریم نواز کی چیخیں نکل رہی ہیں۔ لیگی رہنما جوڈیشل کمیشن پر بے جا تنقید کررہے ہیں اور اس کا مطلب یہی ہے کہ دال میں کچھ کالا نہیں بلکہ پوری دال کالی ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ مسلم لیگ کی جعلی حکومت خود بھی جوڈیشل کمیشن بنانے کے لیے تیار نہیں اور صوبے کے جوڈیشل کمیشن پر بھی تنقید کررہے ہیں۔ عمران خان نے پہلے دن ہی کہا تھا کہ جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔ 9 مئی کو جواز بناکر مینڈیٹ چور سرکار نے پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی بھی ناکام کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے کیس کی طرح پی ٹی آئی 9 مئی کیسز میں بھی سرخرو ہو گی۔ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ جوڈیشل کمیشن رپورٹ مسلم لیگ ن کے سیاسی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ فارم 47 کی جعلی حکومت کا پی ٹی آئی کے خلاف ہر حربہ ناکام ہوچکا ہے۔ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کے بعد جعلی حکومت کو ایک ایک زیادتی کا حساب دینا ہوگا۔