راولپنڈی(اُمت نیوز)کہوٹہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین ماہ قبل مسافر بس میں ڈکیتی و قتل کی واردات کرنے والے 3 رکنی گینگ کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے کشمیر سے لاہور جانے والی مسافر بس کو سڑک پر پتھر رکھ کر روکا اور واردات کی جبکہ واردات کے دوران فائرنگ کرکے سرکاری ملازم کو جاں بحق جبکہ بس ڈرائیور کو زخمی کر دیا تھا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت عدیل، عمر اور خیام کے نام سے ہوئی جن کے قبضے سے مسروقہ رقم، واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ کلاشنکوف اور پسٹل برآمد کر لی گئی۔
سی پی او سید خالد ہمدانی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دی تھی۔ ایس پی صدر کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے ہیومن انٹیلی جینس سمیت تمام ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا۔
ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔ ایس پی صدر نے کہا کہ ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
ملزمان کی گرفتاری پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر، ایس ڈی پی او کہوٹہ اور ٹیم کو شاباش دی۔ سی پی او نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اولین ذمہ داری ہے جس کے لیے راولپنڈی پولیس ہمہ وقت جانفشانی سے مصروف عمل ہے۔