عمران خان ملک کیلئے سیکیورٹی رسک ہیں: عطا تارڑ

اسلام آباد(اُمت نیوز)وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنیں، بھانجے اور لیڈر کورکمانڈر کے باہر پر تشدد واقعات میں پیش پیش تھے، کبھی گریبان تو کبھی پیر پکڑ لیتے ہیں، آپ اس ملک کیلئے سیکیورٹی رسک ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج اڈیالہ جیل سے بیانات دیے گئے اور ماضی قریب میں کیا باتیں کی جاتی تھیں، آج اداروں کو سیاسیت میں گھسیٹنے کی کوشش کی، جب نیوٹرل کی بات کرتے تھے تو کہتے تھے جانور ہوتا ہے، میں چھوڑوں گا نہیں سے مجھ سے بات کرنے کا سفر جلدی طے ہوا، ملکی سلامتی کے خلاف ان کا سوشل میڈیا سیل کمپین چلاتا ہے، جب دل کرتا ہے آئی ایم ایف کو خط لکھا جاتا ہے اور جب دل کرتا ہے جھوٹا بیانیہ بنایا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج جو مطالبہ کر رہے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ ادارے سے اپنی حمایت مانگ رہے ہیں جبکہ وہ نیوٹرل ادارہ ہے، 9 مئی کو آپ کی بہنیں بھانجے اور لیڈر کورکمانڈر کے باہر پر تشدد واقعات میں پیش پیش تھے، کبھی گریبان تو کبھی پیر پکڑ لیتے ہیں، آپ اس ملک کیلئے سیکیورٹی رسک ہیں، فوج کے ادارے کو سیاست میں ملوث کرنے کی نئی سازش ہے، ان کا سوشل میڈیا سیل پکڑا گیا ہے، انہیں پتہ ہے کہ وہ ملک دشمن قوتوں سے رابطے میں تھے۔

پی ٹی آئی پر تنقید جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کے پی میں 11 سال سے آپ کی حکومت ہے، انہوں نے دہشت گردوں کو بسایا اور سی ٹی ڈی محکمے کیلئے کچھ نہیں کیا، ان کا یہ بہت بڑا یو ٹرن ہے اور سیاسی مفاد کیلئے فوجی ادارے کو استعمال کرنے کی کوشش ہے، آپ کی پارٹی کے لوگ کہتے رہے کہ خان نہیں تو پاکستان نہیں، انہوں نے خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کو واپس لایا، آج وہاں حالات خراب ہیں، 11 سال سے یہ خیبر پختونخوا میں حکومت کر رہے ہیں، امن کے قیام کے لئے انہوں نے کیا اقدامات کئے؟

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف منظم مہم چلائی، 2018ء میں ہم ترقی کرتا ہوا پاکستان چھوڑ کر گئے تھے، انہوں نے ملک کو تباہی کے دھانے پر پہنچایا، آج ہم معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر گامزن ہیں، آج معیشت کے حوالے سے اچھی خبریں آ رہی ہیں، آج ہماری برآمدات میں 3 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، تمام معاشی اشاریئے بتا رہے ہیں کہ معیشت میں بہتری آ رہی ہے، موجودہ حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، آپ نے معیشت کی بحالی کے لئے کیا اقدامات کئے؟

وزیر اطلاعات نے بانی پی ٹی آئی عمران خان پر مزید تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ملک دشمن ایجنڈے کو دیکھتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ مجھ سے بات کرلو، یہ 9 مئی کا اعتراف بھی کرتے ہیں اور پولی گراف ٹیسٹ سے بھی بھاگتے ہیں، یہ اس لئے پولی گراف ٹیسٹ سے بھاگتے ہیں کہ سچ ثابت ہو جائے گا، ان کے ترلے منت کے پروگرام اس بات کا شاخسانہ ہے کہ ان کا ایک سیل پکڑا گیا ہے، اس میں شواہد موجود ہیں۔