اسلام آباد (اُمت نیوز)صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ غازی ملت سردار ابراہیم خان مرحوم نہ صرف آزادکشمیر کے پہلے بانی صدر تھے بلکہ انہوں نے آزادکشمیر کی آزادی میں اہم کردار ادا کیا اور تحریک آزادی کشمیر کی قیادت بھی کی اور اقوام متحدہ میں بھی جا کر کشمیریوں کی نمائندگی کی اور اس خطے کو آزاد کرایا۔ 24اکتوبر 1947کو آزادکشمیر میں بننے والی حکومت کی بنیاد رکھی اور صدر بنے۔ وہ نہ صرف آزادکشمیر کے پہلے بانی صدر ہیں بلکہ جب میں 1996سے 2001تک وزیر اعظم رہا تو وہ اُس وقت آزادکشمیر کے صدر تھے۔ اُس وقت آزادکشمیر کی چار حکومتیں تبدیل ہوئیں لیکن میں نے اُن کی قیادت میں اپنی حکومت کے پانچ سال مکمل کیے۔ میں نے اُن کی رہنمائی میں آزادکشمیر کو خودکفیل بنانے کے لئے جاگراں ہائیڈرو پروجیکٹ بنوایا یہ آزادکشمیر کا پہلا اور آخری پراجیکٹ ہے جس سے کروڑوں کی آمدنی آزادکشمیر کے خزانے میں جا رہی ہے۔ اسی طرح کیڈٹ کالج پلندری، میرپور میں سوئی گیس، راولاکوٹ میں گوئیں نالہ روڈ اور کوٹلی میں رحمان برج اور بائی پاس، باغ میں ایک بڑے ایجوکیشن پیکج وویمن کالج اور کئی دوسرے تعلیمی اداروں کی بنیاد رکھی۔ اسی طرح باغ اور نیلم ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا اور بے شمار ترقیاتی کام کیے۔اس سارے کام کا کریڈٹ غازی ملت سردار ابراہیم خان مرحوم کو جاتا ہے اور اگر اس میں کوئی کمی اور کوتاہی رہ گئی تو اُس میں یہ ہماری وجہ سے تھی لیکن غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان مرحوم کی وجہ سے ہم نے ریاست میں یادگار ترقیاتی کام کیے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی اکیسویں برسی کے موقع پراپنے خصوصی پیغام میں کیا۔ اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ آج غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی اکیسویں برسی کے موقع پر اس بات کا تجدید عہد کرتے ہیں کہ ہم آزادی کے بیس کیمپ سے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اُٹھانے اور بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی کو رکوانے اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔