ٹی ایل پی کی قیادت کے خلاف دہشتگردی کا مقدمہ درج

 

راولپنڈی (اُمت نیوز)راولپنڈی تھانہ ایئرپورٹ میں ٹی ایل پی کی قیادت کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

مقدمے میں سید عنایت الحق،مفتی عمیر،ڈاکٹر شفیق امینی،علامہ شفیق قادری سمیت 28 ملزمان کو نامزد کیا گیا۔ مقدمے کے متن کے مطابق خفیہ اطلاع ملی کہ ملزمان جامع ضیاء العلوم میں چیف جسٹس پاکستان کے خلاف ملکی سطح پر جلسہ جلوس کا پروگرام طے کرنے کی میٹنگ کر رہے تھے۔ ملزمان نے چیف جسٹس کو برطرف کر کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی تقریر کی جومذہبی منافرت اور مجرمانہ سازش کے حامل ہے۔

متن میں مزید کہا گیا ہے کہ ملزمان مسلح گن مینوں،مدرسہ کے طالب علموں کے ہمراہ جلوس کی شکل میں آئےہائی کورٹ روڈبلاک کی۔ مسلح گن مینوں کے سڑک پر آنے کے باعث عام شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا اور دہشت گردی کا سماں پیدا ہوا۔ پولیس کے پہنچنے پر کچھ افراد گاڑیوں میں سوار ہو کر جی ٹی روڈ سواں اور طلباء مدرسہ کی جانب گلیوں میں بھاگ گئے۔ ملزمان نے چیف جسٹس کے خلاف شدید نعرے بازی کر کے اشتعال دلایا۔