ڈھاکا(اُمت نیوز)بنگلادیش کی وزیراعظم حسینہ واجد نے کہا ہے کہ سڑکوں پر پُرتشدد مظاہرے کرنے والے طلبا نہیں بلکہ دہشت گرد ہیں اور میرے ہم وطن انہیں کچل دیں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلادیشی وزیراعظم حسینہ واجد نے کہا کہ ملک بھر میں احتجاج اور مظاہروں کے نام پر تھانوں پر حملے کرنے والے، املاک کو نقصان پہنچانے اور بے امنی پھیلانے والے ملک کے استحکام اور ترقی کے دشمن ہیں۔
وزیراعظم حسینہ واجد نے مزید کہا کہ ایسے پُرتشدد احتجاج طلبا نہیں دہشت گرد کرتے ہیں۔ یہ دہشت گردی ہے اور میں اپنے ہم وطنوں سے اپیل کرتی ہوں ان کو کچل دیں۔
یاد رہے کہ سول نافرمانی کی تحریک کا آغاز اُس وقت ہوا جب حکومت نے کوٹا سسٹم کے خلاف مظاہروں کے دوران گرفتار ہونے والے طلبا کو رہا کرنے سے انکار کردیا۔
سول نافرمانی کی تحریک کے رہنماؤں نے وزیراعظم شیخ حسینہ واجد سے مستعفی ہونے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
سول نافرمانی تحریک میں دو روز کے دوران جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 40 سے زائد ہوگئی جب کہ 200 سے زائد زخمی ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔