راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے واضح اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی پر فوج کا موقف بہت واضح ہے ، اس میں نہ کوئی تبدیلی آئی ہے اور نہ ہی آئے گی ۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہناتھا کہ ڈیجیٹل دہشتگردی کے خلاف پہلی دفاعی لائن قانون ہے ، قانون ڈیجیٹل دہشتگردی کیخلاف اس طرح کام نہیں کر رہا جیسے کرنا چاہیے ، یہ بے ضمیر لوگ چند پیسوں کیلئے ملک عوام اور اداروں کے خلاف بات کرتےہیں۔ہمیں چاہیے کہ اصل میں ہم اس مسئلے کو سمجھیں ، کوئی افواج پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرے گا تو فوج پوری کارروائی کرےگی ۔
ان کا کہناتھا کہ بیانیہ بنانے والے فوج اور عوام میں دراڑ ڈالنا چاہتے ہیں، 7 مئی کی نیوز کانفرنس میں جوموقف اختیار کیا وہ برقرار ہے ، عوام کے ذہن میں کنفیوژن ڈالی جاتی ہے ، فوج اور عوام میں خلیج ڈالنے والوں ، فیک نیوز پر کارروائی ہو گی ، کوئی ملک یا باہر سے فوج کے خلاف پروپیگنڈا کرے گا تو فوج قانونی کارروائی کرے گی ،جوڈیجیٹل دہشتگرد باہر بیٹھ کر باتیں کرتے ہیں وہ بد قسمت ہیں، یہ بدقسمت ریاست ، اداروں ، عوام کیخلاف پروپیگنڈا کرتے ہیں، بیرون ملک سے جو مہم چلائی جارہی ہے معلوم ہے کون اور کیوں چلا رہاہے ، بے ضمیر ڈیجیٹل دہشتگرد چند پیسوں کیلئے عوام ، ملک کیخلاف باتیں کرتے ہیں ۔