ڈھاکا(اُمت نیوز) بنگلا دیش میں طلبا تحریک کے رہنماؤں نے فوج کی جانب سے ملک میں عبوری حکومت کے قیام کو مسترد کرتے ہوئے اپنی تجاویز سامنے رکھ دی ہیں۔
شیخ حسینہ واجد کے احتجاج میں اہم کردار ادا کرنے والے رہنما ناہید اسلام نے عبوری حکومت کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں عبوری حکومت ہماری تجاویز پر بنے گی۔
نامعلوم مقام سے طلبا تحریک کے سرکردہ رہنماؤں نے اپنے ویڈیو پیغام میں فوج سے نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس کی سربراہی میں عبوری حکومت قائم کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
ویڈیو پیغام دینے والے رہنماؤں میں ناہید اسلام، آصف محمود اور ابوبکر مازوم دار شامل ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر یونس عبوری حکومت کی سربراہی کرنے کو تیار ہیں، دیگر ارکان کے نام آج دیئے جائیں گے۔
طلبا تحریک کے رہنما ناہید اسلام کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر یونس کی سربراہی میں عبوری حکومت میں سول سوسائٹی سمیت سب شعبوں کی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے گا، یہ حکومت اگلے 24 گھنٹوں میں اپنا کام شروع کر دے گی۔