ڈھاکا: کوٹا سسٹم اور امتیازی سلوک کے خلاف شروع ہونے والی طلبا تحریک کے رہنماؤں نے وزیراعظم حسینہ واجد کے مستعفی ہونے کے بعد صدر محمد شہاب الدین کو آج 6 اگست سہ پہر 3 بجے تک پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کا الٹی میٹم دیدیا ہے ۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر سے پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کا مطالبہ طلبا تحریک کے کوآرڈینیٹر ناہید اسلام نے اپنے دو ساتھیوں کے ہمرہ ایک ریکارڈ کرائے گئے ایک ویڈیو پیغام میں کیا۔ویڈیو بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر شہاب الدین نے کل پیر 5 اگست کو کہا تھا کہ قومی پارلیمنٹ کو فوری طور پر تحلیل کر دیا جائے گا لیکن 24 گھنٹے گزر جانے کے بعد کوئی حکم نامہ جاری نہیں کیا گیا۔
ناہید اسلام نے کہا کہ طلبا اب بھی سڑکوں پر موجود ہیں اور ہم صدر شہاب الدین کو آج سہہ پہر 3 بجے تک پارلیمنٹ تحلیل کرنے کا الٹی میٹم دیتے ہیں بصورت دیگر احتجاج دوبارہ شروع کرنے پر مجبور ہوں گے۔
قبل ازیں طلبا تحریک کے رہنما ناہید اسلام نے منگل کی صبح ایک ویڈیو پیغام میں نوبل انعام یافتہ ماہر معاشیات پروفیسر محمد یونس کو عبوری حکومت کا چیف ایڈوائزر مقرر کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔