اسلام آباد(اُمت نیوز)امریکا میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دیگر سیاستدانوں کے قتل کی ممکنہ سازش کے الزام میں پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کی گرفتاری پر دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم امریکی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے آصف مرچنٹ کی گرفتاری پر کہا کہ ہم نے میڈیا رپورٹس دیکھی ہیں، امریکی عہدیداروں نے کہا ہے کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ باضابطہ ردعمل دینے سے پہلے آصف مرچنٹ کے ماضی سے متعلق معلومات کی توثیق چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی عدالت میں ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی سیاستدانوں کے قتل کی ممکنہ سازش کے الزام میں امریکا میں پاکستانی شہری آصف مرچنٹ پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق آصف مرچنٹ کچھ عرصے ایران میں رہا وہ پاکستان سے ایران آیا تھا تاکہ کرائے کے قاتلوں کی خدمات حاصل کرے تاہم جس شخص سے اس نے رابطہ کیا وہ ایف بی آئی کا خفیہ مخبر تھا۔