واشنگٹن: ترجمان وائٹ ہاؤس نے تردید کی ہے کہ پاکستانی نژاد آصف مرچنٹ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر حال ہی میں ہونے والے قاتلانہ حملے میں ملوث ہیں۔
عالمی خبر رساں کے مطابق وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرین جین پیئر نے پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ آصف مرچنٹ پر فرد جرم ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے پرعائد کی گئی۔
ترجمان وائٹ ہاؤس کیرین جین پیئر نے مزید بتایا کہ اس حوالے سے تفتیش کے دوران کوئی ثبوت نہیں ملے کہ وہ ٹرمپ کو قتل کرنے کی سازش کر رہے تھے۔
خیال رہے کہ امریکی اخبار نے ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے اور اس کی منصوبہ بندی کا تعلق پاکستانی نژاد آصف مرچنٹ سے جوڑنے کی کوشش کی تھی۔
حقیقت یہ ہے کہ عدالت میں 46 سالہ آصف مرچنٹ پر امریکا میں 3 طرح کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کا الزام عائد کیا گیا ہے جن میں ریلیوں میں افراتفری مچانا، انٹیلی جنس ڈیوائسز، راز چرانا اور کسی سیاسی شخصیت کو قتل کرنے کے لیے اجرتی قاتل سے رابطہ کرنا شامل ہیں۔