قتل کی واردات میں گھرکا کوئی فرد ملوث ہو سکتا ہے، پولیس، فائل فوٹو
قتل کی واردات میں گھرکا کوئی فرد ملوث ہو سکتا ہے، پولیس، فائل فوٹو

کراچی میں فائرنگ سے ایک اور پولیس اہل کار جاں بحق

کراچی: ضلع وسطی میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ایک اور پولیس اہل کار جاں بحق ہوگیا۔ ایک ماہ کے دوران ضلع وسطی میں ڈی ایس پی سمیت 3 پولیس اہل کار جاں بحق ہو چکے۔

پولیس کے مطابق جوہر آباد تھانے کی حدود راشد منہاس روڈ پر واقع یو بی ایل کمپلیکس اور لیاری ندی کے درمیان نامعلوم مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے پولیس اہلکار کو جاں بحق کردیا۔ مسلح ملزمان اہل کار کا اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی لے کر فرار ہو گئے جب کہ اپنی موٹر سائیکل اور ایک بیگ چھوڑ گئے، جس میں سے 4 موبائل فون ،2 دستی گھڑیاں ،پرس، پرفیوم ، فیس واش ، دستاویزات اور کچھ کپڑے برآمد ہوئے ہیں۔

ملزمان کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں اہل کار کو شدید زخمی حالت میں رکشے کے ریعے پہلے قریبی اسپتال اور بعد ازاں اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ جاں بحق ہونے والے اہل کار کی شناخت 38 سالہ شبیر احمد ولد محمد رفیق احمد کے نام سے کی گئی، جو گلشن حدید کا رہائشی اور انویسٹی گیشن ناظم آباد میں تعینات تھا۔

پولیس حکام نے واقعہ کی ٹارگٹ کلنگ سمیت دیگر پہلوؤں کو پیش نظر رکھتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ ضلع وسطی میں ایک ماہ کے دوران ڈی ایس پی سمیت 3 پولیس اہلکار جاں بحق ہو چکے ہیں۔