پاکستان کی اسپورٹس تاریخ میں اہم باب کا اضافہ کرنے والے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان میں دیگر کھیلوں کو بھی اسی سطح کی ترجیح اور سپورٹ دیں جس طرح وہ کرکٹ کو دیتے ہیں۔
گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ میں اپنے والدین ، پوری قوم اور پاکستانی میڈیا کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی دعاؤں سے اللہ نے مجھے عزت دی۔
سونے کا تمغہ جیت کر دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے ارشد ندیم نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ دیگر کھیلوں کو بھی کرکٹ کی طرح فوقیت دی جائے۔
نامور کھلاڑی نے پاکستان کے یوم آزادی کو منانے کے اپنے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا، انہوں نے کہا کہ وہ اپنے گولڈ میڈل کے ساتھ 14 اگست پوری قوم کے ساتھ منائیں گے۔
واضح رہے پیرس اولمپکس 2024 میں پاکستان نے 40 سال بعد گولڈ میڈل حاصل کیا ہے، پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے اولمپکس میں جیولن تھرو کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔
جیولن تھرو کے چھٹے راؤنڈ میں پاکستان کے ارشد ندیم نے مقابلے میں دوسری بہترین تھرو کرتے ہوئے نیزہ 91.79 میٹرز دور پھینک کر اولمپک کی دوسری بہترین تھرو کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔
تاریخی کامیابی پر صدر مملکت وزیراعظم ور آرمی چیف سمیت دیگر رہنماؤں نے ارشد ندیم کو مبارکباد دی ہے
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تاریخی کامیابی پر پورے ملک کو ارشد ندیم پر فخر ہےقومی اسمبلی اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری اور دیگر ارکان اسمبلی نے بھی ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کیا ہے.