غزہ میں اسکول پر اسرائیلی حملہ، 100 سے زائد فلسطینی شہید

 

غزہ (اُمت نیوز)مشرقی غزہ کے علاقے الدراج میں اسکول پر اسرائیلی حملے میں 100 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے فجر کی نماز کے دوران اسکول پر حملہ کیا جہاں بے گھر فلسطینیوں نے پناہ لی ہوئی تھی، حملے میں درجنوں فلسطینی زخمی بھی ہوئے۔

فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کے التابعین اسکول پر 3 میزائل گرائے، اسرائیلی حملے کے وقت تقریباً 250 بے گھر فلسطینی فجر کی نماز ادا کر رہے تھے۔

غزہ حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے جان بوجھ کے شمالی غزہ کے التابعین اسکول کو نشانہ بنایا۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ مشرقی غزہ کے علاقے الدراج میں یہ اسکول حماس کا مرکز تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں اب تک 39،699 فلسطینی شہید اور 91،722 زخمی ہوچکے ہیں۔ ان شہداء و زخمیوں میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔

دوسری جانب قطر، مصر اور امریکا، اسرائیل اور حماس پر 15 اگست سے جنگ بندی مذاکرات شروع کرنے پر دباؤ ڈال رہے ہیں جبکہ گزشتہ روز اسی طرح کا بیان یورپی یونین کی سربراہ ارسلا وان ڈیر لیین نے بھی دیا تھا۔

یورپی یونین کی سربراہ ارسلا وان ڈیر لیین نے کہا تھا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کےمعاہدے کے لیے بین الاقوامی دباؤ میں اضافے کے ذریعے غزہ میں فوری جنگ بندی کی ضرورت ہے۔